ملک میں سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قیصر احمد شیخ

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چین کی ترقی ہم سب کیلئے مثال ہے، غربت کے خاتمہ کیلئے ہمیں چین سمیت دیگر ممالک کے تجربات سے استفادہ کی ضرورت ہے، ملک میں سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم کی زیر قیادت حکومت ملک میں سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کیلئے جامع اقدامات کو یقینی …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ چین کی ترقی ہم سب کیلئے مثال ہے، غربت کے خاتمہ کیلئے ہمیں چین سمیت دیگر ممالک کے تجربات سے استفادہ کی ضرورت ہے، ملک میں سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم کی زیر قیادت حکومت ملک میں سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کیلئے جامع اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں سرمایہ کاری بورڈ، انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر اور ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، ہمارے ہمسایہ ممالک ویتنام، تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر مختلف ممالک نے سرمایہ کاری کے فروغ سے معاشی ترقی حاصل کی، ان ممالک نے سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی سے ترقی حاصل کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کو متوجہ کرکے ملک سے غربت کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو غربت سے نکالنے کا لائحہ عمل ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہئے، چین کی مثال ہمارے سامنے ہے، چین نے 700 ملین افراد کو غربت سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چین کے 50 سے زائد دورے کئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 1972ء میں چین، کوریا اور جاپان کے دوروں کے دوران میں نے دیکھا کہ وہ ترقی اور برآمدات میں اضافہ کیلئے کیا اقدامات کر رہے ہیں، ان ممالک نے جامع منصوبہ بندی سے ترقی حاصل کی اور اپنے لوگوں کا معیار زندگی بہتر کیا ہے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت کے وسائل سے مالا مال ہے، ہماری آبادی کا 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور وہ انتہائی باصلاحیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کی دستیابی کے حوالہ سے پاکستان کسی بھی ملک سے کم نہیں ہے تاہم ہمیں سرمایہ کاری میں اضافہ کی ضرورت ہے اور یہ کام آج سے بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ کے وفاقی وزیر کے طور پر مجھے فخر ہے کہ ہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں اور یقین ہے کہ بہت جلد ہم اپنے اہداف کو حاصل کر لیں گے جس سے نہ صرف قومی برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ سماجی شعبہ کی ترقی اور وسائل کی دستیابی سے عوام کے معیار زندگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی اور ملک میں غربت کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔