"انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے عظیم سپوتوں اور اپنے لختِ جگر وطنِ عزیز پر قربان کرنے والی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔”
ملک و قوم کی خاطر شہید ہونےوالے پنجاب پولیس کے عظیم سپوتوں اور ان کی مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں،عبدالکریم

مزید خبریں
لاہور۔4اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے پنجاب پولیس کے عظیم سپوتوں اوراپنے لختِ جگر وطنِ عزیز پر قربان کرنے والی مائوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس کے 1,743 بہادر جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے، امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جدوجہد میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس تجدیدِ عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، شہدائے پولیس نے اپنے آج کو وطنِ عزیز پر قربان کر کے قوم کے کل کو محفوظ بنایا ۔ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق چہلم حضرت امام حسین کی سکیورٹی کے باعث پنجاب پولیس یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات 5 اگست کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائے گی۔ اس موقع پر شہدا کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی ہوگی، مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ سینئر پولیس افسران شہدائے پولیس کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔








