پشاور۔ 26 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کے بڑے فیصلے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے اور موٹرویز کے جال بچھانے کے اقدامات بھی اسی دور میں عمل میں آئے، آج صوبے کے …
ملک کی فلاح و بہتری کےلیے بڑے فیصلے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئے،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

مزید خبریں
پشاور۔ 26 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کے بڑے فیصلے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہوئے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے اور موٹرویز کے جال بچھانے کے اقدامات بھی اسی دور میں عمل میں آئے، آج صوبے کے سرکاری وسائل اسلام آباد پر چڑھائی اور نفرت پھیلانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں جس کا ایک دن حساب دینا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مردان میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مردان کی مشہور شخصیت ملک بشیر خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ملک بشیر خان اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی کی قیادت کی جانب سے خوش آمدید کہا اور انہیں پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بشیر خان اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، اپنی طرف سے اور پارٹی کی طرف سے قائد میاں محمد نواز شریف کے قافلے کا حصہ بننے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امیر مقام نے کہا کہ اگر ماضی کو دیکھیں تو یہ ظاہر ہوگا کہ ملک اور اس کے عوام کی بہتری کےلیے جو بڑے بڑے فیصلے ہوئے، جو بڑے بڑے انقلابی اقدامات ہوئے، وہ مسلم لیگ (ن) ہی کے دور حکومت میں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم یہ کہتے ہیں کہ پاکستان نے اپنے سے بڑے دشمن کو شکت سے دوچار کیا تو ان کو بھی معلوم ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور ایٹمی طاقت بھی مسلم لیگ (ن) کے دور میں بنا۔
انہوں نے کہا کہ آج اگر اس ملک سے موٹروے کو نکال دیا جائے جو نواز شریف اور پھر شہباز شریف نے بنائے، تو کیا بچے گا۔ اسی طرح ہر شعبے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے بارے میں کہا کہ شہباز شریف تو 2018 سے مذاکرات کا کہہ رہے ہیں ، جب آر ٹی ایس بیٹھ گیا اور ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، پھر بھی اسمبلی میں بطور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی بہتری کےلیے، دہشتگردی کے خاتمے کےلیے اور معیشت کےلیے ہمیں ملکر بیٹھنا چاہیے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کیا صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام لیپ ٹاپ نہیں چاہتے، سکالر شپ نہیں چاہتے، زمیندار قرضے اور ٹریکٹر وغیرہ نہیں چاہتے، کیا اچھے ہسپتالوں کی ضرورت نہیں، یونیورسٹیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل اسلام آباد پر چڑھائی اور نفرتیں پھیلانے کےلیے استعمال ہو رہے ہیں لیکن ایک دن ضرور آئے گا،آپ کو اس سب کا حساب کتاب دینا پڑے گا۔








