فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے نہم جماعت کے سالانہ امتحان 2026کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 51.21 فیصد

فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے نہم جماعت کے سالانہ امتحان 2026کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب 51.21 فیصد

فیصل آباد۔ 02 ستمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک جماعت نہم (اول) کے سالانہ امتحان 2026کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میں مجموعی طور پر 196,656 امیدواران نے شرکت کی، جن میں سے 100,708 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 51.21 فیصد رہا۔ امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 548 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ترجمان بورڈ ساجد نقوی نے اے پی پی کو بتایا کہ نتائج آن لائن کرنے کی تقریب تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے نہم جماعت کے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج آن لائن کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن بھی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ امتحانی نتائج کی تیاری انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ کی گئی ہے۔ طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے نتائج کی تیاری اور جانچ پڑتال کے دوران ہر ممکن احتیاط برتی گئی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ اگر کوئی امیدوار اپنے نتیجے سے مطمئن نہیں تو وہ 17 ستمبر 2026 تک ری چیکنگ کے لیے درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے نتائج کا جائزہ لیں اور کسی تحفظ کی صورت میں مقررہ تاریخ کے اندر ری چیکنگ کے لیے درخواست دیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں مزید محنت، لگن اور توجہ کے ساتھ جاری رکھیں اور آئندہ امتحانات میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ نہم جماعت کے نتائج کی تیاری کا عمل ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا ہے۔ بورڈ کی کوشش ہے کہ طلبہ کو بروقت، شفاف اور قابلِ اعتماد نتائج فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں اپنی محنت کا بھرپور صلہ مل سکے اور وہ اپنی آئندہ تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بروقت فیصلے کر سکیں۔

کنٹرولر امتحانات پروفیسر رانا عتیق الرحمن نے کہا کہ امتحانی نتائج کی تیاری، جانچ پڑتال اور حتمی شکل دینے کے تمام مراحل میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور حکومت پنجاب کے متعلقہ ایس او پیز کو مدنظر رکھا گیا۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں ان کی اپنی محنت کے ساتھ والدین اور اساتذہ کی رہنمائی کا بھی اہم کردار ہے۔ترجمان نے کہا کہ نتائج سے متعلق کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے امیدواران کنٹرولر امتحانات، تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے دفتری فون نمبر 041-2517710 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔