وفاقی دارالحکومت میں بارش کے دوران نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک

وفاقی دارالحکومت میں بارش کے دوران نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں بارش کے دوران نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے سی ڈی اے، میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔متعلقہ اداروں کی ٹیمیں نالوں، ڈرینز، انڈر پاسز، نشیبی علاقوں اور دیگر حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہیں جبکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کیلئے نکاسی آب کے آپریشنز بھی جاری ہیں۔

سی ڈی اے، ایم سی آئی، ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد واٹر اور ریسکیو کے افسران و عملے کو فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی سخت نگرانی اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ تمام ادارے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر متحرک رہیں۔

سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں جانے سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انتظامیہ کے مطابق ہنگامی صورتحال میں شہری ریسکیو 1122، پولیس 16 اور سی ڈی اے 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بارش کے دوران شہریوں کی سہولت، محفوظ ٹریفک کی روانی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ہر ممکن طریقے سے یقینی بنائی جائے گی۔

مزید خبریں