وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت کام کرنے والے ادارے اِگنائٹ نے موبی لنک بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس میں سائبر وژن انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔ اس اشتراک کے تحت نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کو قائم اور فعال کیا جائے گا
موبی لنک بینک اور اگنائٹ کے اشتراک سے سیالکوٹ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے قیام کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تحت کام کرنے والے ادارے اِگنائٹ نے موبی لنک بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس میں سائبر وژن انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔ اس اشتراک کے تحت نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کو قائم اور فعال کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے جدید اور کاروباری نظام کو مزید مستحکم بنانا ہے۔اس شراکت داری کا بنیادی عزم یہ ہے کہ سیالکوٹ میں ٹیکنالوجی پر مبنی سٹارٹ اپس اور جدید کاروباری منصوبوں کے لئے ایک خصوصی پلیٹ فارم قائم کیا جائے، سیالکوٹ پاکستان کے اہم صنعتی اور برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔اس معاہدے کی تقریب یہاں وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن میں منعقد ہوئی جس میں وزارت کے اعلیٰ حکام، اِگنائٹ اور موبی لنک بینک کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ این آئی سی سیالکوٹ کا قیام وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشنل پاکستان وژن کی عکاسی کرتا ہے، حکومت اپنا کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو جدید وسائل اور بہتر مواقع فراہم کر کے ملک بھر میں جدید اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لئے نہایت پرعزم ہے۔سیالکوٹ دنیا بھر میں سپورٹس کا سامان، سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات اور موسیقی کے ساز و سامان کی صنعتوں کے لئے معروف ہے، یہ شہر ای کامرس اور ڈیجیٹل ایکسپورٹس کے ایک اہم مرکز کے طور پر بھی ابھر کر سامنے آیا ہے۔
این آئی سی سیالکوٹ رہنمائی و تربیت، بزنس ڈویلپمنٹ سروسز، سرمایہ کاروں سے رابطے، مارکیٹ تک رسائی اور نیٹ ورکنگ کے ذریعے ہر سال تقریباً 25 اسٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کرکے ان کی کاروباری صلاحیت کو مزید مستحکم کرے گا۔ این آئی سی سیالکوٹ کا اقدام حکومت کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت بڑے شہروں سے باہر بھی انوویشن انفراسٹرکچر کو وسعت دی جائے اور اس کے نتیجے میں کاروبار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، آمدن اور برآمدات بڑھانے کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ اِگنائٹ کے سی ای او محمد بلال عباسی نے کہا کہ این آئی سی سیالکوٹ پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، یہ مرکز کاروبار کرنے والے افراد کو اپنے جدید آئیڈیا کو عملی شکل دے کر بڑے پیمانے پر کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا جبکہ ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے، صنعتی پیداوار اور برآمدی مسابقت کو بھی فروغ دے گا۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کا مقصد مقامی کاروباری افراد کو عالمی کمپنیوں کے شانہ بشانہ چلنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انکیوبیشن پروگرام کے افتتاحی بیچ (Cohort 1) کے لئے باضابطہ درخواستیں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔درخواست این آئی سی سیالکوٹ کی ویب سائٹ پر موجود لنک پر جمع کرائی جا سکتی ہے۔
موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی صرف چند شہروں تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں تک ترقی کے مواقع پہنچنے چاہئیں، موبی لنک بینک اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جدت سب کے لئے قابلِ رسائی ہو اور یہ مقامی کاروباری حالات کے ساتھ بھی منسلک ہو، این آئی سی سیالکوٹ کے ذریعے ہم کاروباری افراد کو رہنمائی، ڈیجیٹل ٹولز، مالی سہولیات اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔اگرچہ یہ مرکز تمام شعبوں کے سٹارٹ اپس کے لئے ہےلیکن خاص طور پر سیالکوٹ کی صنعتی مہارت سے جڑے شعبوں جیسے سپورٹس ٹیکنالوجی، طبی و سرجیکل ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ میں جدت، ای کامرس، برآمدات کو فروغ دینے والی سہولیات اور نئی ڈیجیٹل انڈسٹریز کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انڈسٹری 4.0، جدید مینوفیکچرنگ، اسمارٹ سپلائی چینز، ہیلتھ ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل کامرس جیسے تیزی سے پھیلنے والے شعبوں میں بھی جدت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) پاکستان کا اہم ترین ٹیکنالوجی انکیوبیشن اور ایکسیلیریشن اقدام ہے جس کی مالی معاونت وزارتِ آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور اِگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کرتے ہیں۔ ملک بھر میں اس کے سات علاقائی مراکز، نجی شعبے کے نمایاں افراد و اداروں، جامعات اور عالمی اداروں کے اشتراک سے سرگرم ہیں۔








