موجودہ حکومت توانائی کے شعبہ میں اصللاحات کے لئے پرعزم ہے، انجینئر خرم دستگیر خان

موجودہ حکومت توانائی کے شعبہ میں اصللاحات کے لئے پرعزم ہے، انجینئر خرم دستگیر خان

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے لئے پرعزم ہے ، پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی ) اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے یہ بات ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ڈائریکٹر جنرل سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ یوجینیو زوکوف اور کنٹری ڈائریکٹر مسٹر یونگ یی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کی ترقی میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اے ڈی بی اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ اپنی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پالیسی اور پراجیکٹ سائز دونوں لحاظ سے توانائی حکومت پاکستان کے لئے سب سے بڑا شعبہ ہے۔

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ حکومت توانائی کی پیداواری صلاحیت کو درآمدی ایندھن سے مقامی وسائل میں بدلنے، شمسی اور ہوا سے پیداوار بڑھانے اور ملکی کوئلے سے استفادہ کرنا چاہتی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ملک میں ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی بلکہ درمیانی مدت میں بجلی کی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔

حکومت زیر التواء وصولیوں کی وصولی اور گردشی قرضوں کی وصولی کا بندبست کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ اے ڈی بی نے ہاشم نوتزئی کی بلوچستان کے لئے آف گرڈ سولر سلوشنز کی تجویز کو سراہا او رکہا کہ امکانات کا تعین کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

مزید یہ کہ اے ڈی بی کاربن انٹینسیو پاور پلانٹس کو کم کاربن انٹینسیو پلانٹس میں تبدیل کرنے کے لئے منصوبہ کے قابل عمل ہونے کی ابتدائی طور پر سٹڈی کرائے گا۔ اے ڈی بی اگلے دو سالوں میں ٹرانسمیشن میں تقریباً ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل نے اس شعبے کے لئے وفاقی وزیر کے وژن کو سراہا اور اصلاحات کی رفتار کے تسلسل کے لئے اپنی توقعات کا اظہار کیا۔