مودی آج دنیا میں اکیلا کھڑا اور منہ چھپانے پر مجبور ہے، انڈس واٹر ٹریٹی پر بھارت کو منہ توڑ جواب ملا، رومینہ خورشید عالم

وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدہ) کے محاذ پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں بھارت کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور انڈس واٹر ٹریٹی (سندھ طاس معاہدہ) کے محاذ پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں بھارت کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس سے پاکستان کو تنہا کرنے کا دعویٰ کرنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے منہ پر عالمی سطح پر ایک زوردار طمانچہ پڑا ہے اور وہ آج پوری دنیا میں اکیلے کھڑے ہیں۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ جو مودی دنیا بھر میں جا کر لوگوں کو ’’جادو کی جپھیاں‘‘ مارنے کی کوشش کرتے اور فوٹو شوٹس کرواتے تھے اور جو دعویٰ کرتے تھے کہ وہ پاکستان کو دنیا میں اکیلا کر دیں گے، آج خود دنیا کے سامنے منہ چھپانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے پورے ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انڈس واٹر ٹریٹی کے معاملے پر بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے)، اقوام متحدہ، نیوٹرل ایکسپرٹس اور عالمی میڈیا سمیت پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور بھارت کے گھٹیا ہتھکنڈوں کو منہ توڑ جواب مل چکا ہے۔ انہوں نے امریکہ ایران کشیدگی میں پاکستان کے بطور ثالث ابھرنے اور امن کوششوں کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف اور پوری ٹیم کے سر باندھا۔ ملکی دفاع اور شہداء کی قربانیوں پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر نے جذباتی انداز میں کہا کہ ایک ماں اور باپ اپنی اولاد کو کس مشکل سے پالتے ہیں، اس درد کا اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن ہمارے جوان جب بارڈر پر گولی کا سامنا کرتے ہیں تو وہ اپنی بیوی، بچوں یا ماں باپ کی پرواہ کیے بغیر ملک و قوم کے لیے جان قربان کر دیتے ہیں۔ انہوں نے دفاعی بجٹ پر تنقید کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں ہمارا دشمن ملک اپنی افواج کو مضبوط کرنے کیلئے لاکھوں کروڑوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، وہاں ہمیں بھی ایک دل اور ایک جان ہو کر اپنی پاک افواج کا ساتھ دینا ہوگا کیونکہ محدود وسائل کے باوجود ہماری فوج نے بنیان مرصوص (سیسہ پلائی ہوئی دیوار) بن کر دشمن کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ اپوزیشن کو سخت جواب دیتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ بجٹ بنانا اور اس پر بحث کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن جب سب اکٹھے ہوں تو مشکلات آسان ہو جاتی ہیں۔ اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ انگلیاں اٹھا رہے ہیں انہوں نے خیبر پختونخوا میں تین بار وزیر اعلیٰ رہنے کے باوجود کیا گل کھلائے؟ انہوں نے وہاں کتنے سکول، ہسپتال اور سڑکیں بنائیں؟ چادر اور چار دیواری کے تقدس پر اپوزیشن کے احتجاج کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ہماری قیادت پر بے پناہ ظلم ہوا، مریم نواز سمیت ہماری پوری لیڈرشپ نے جیلوں کی سختیاں کاٹیں لیکن ہمارا کوئی لیڈر نہ رویا اور نہ ہی ملک سے بھاگا۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اتنا جبر کرو جتنا کل کو خود سہ سکو کیونکہ جب آپ کسی پر کیچڑ اچھالتے ہیں تو یاد رکھیں کل کو آپ کی اپنی باری بھی آ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انہیں کردار سے گر کر بات کرنا یا بہنوں بیٹیوں کو گالیاں دینا نہیں سکھایا، بلکہ انہیں تمیز اور تہذیب سکھائی ہے جس پر وہ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔

مزید خبریں