مودی کی سرپرستی میں رام مندر فنڈز چوری کا انکشاف،انتہا پسند ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس کو بڑا دھچکا

مودی کی سرپرستی میں رام مندر فنڈز چوری کے انکشاف سےانتہا پسند ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس کو بڑا دھچکا لگاہے، بھارت میں رام مندر سے متعلق بدعنوانی کی تحقیقات سے مودی اور آرایس ایس کا سیاسی گٹھ جوڑ سامنے آ گیا ہے

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):مودی کی سرپرستی میں رام مندر فنڈز چوری کے انکشاف سےانتہا پسند ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس کو بڑا دھچکا لگاہے، بھارت میں رام مندر سے متعلق بدعنوانی کی تحقیقات سے مودی اور آرایس ایس کا سیاسی گٹھ جوڑ سامنے آ گیا ہے۔ عالمی جریدہ بلومبرگ کے مطابق مندر کو نقد رقم، سونا اور چاندی کے زیورات کی صورت میں ماہانہ تقریباً 40 ملین سے100 ملین روپے تک ملنے والے عطیات میں کرپشن کی گئی۔ بھارتی تجزیہ نگار ایم کے وینو کا کہنا تھا کہ رام مندر سے عوام کے دیے گئےعطیات نکال کر سیاسی اور آرا یس ایس کے خزانوں میں منتقل کیے گئے ۔ بھارتی جریدہ دی وائر نے مہاتما گاندھی کے قتل کے بعد رام مندرمیگا فراڈ کیس کو آرایس ایس کیلئےسب سے بڑاچیلنج قرار دیدیا ۔

سماج وادی پارٹی کے رکن رام گوپال یادیو نے رام مندر میں کم از کم 20 ہزار کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف کیا ۔ دی وائر کے مطابق چوری میں ملوث ٹرسٹ میں مودی حکومت کے نامزد افراد ، وشو ہندو پریشد اور آر ایس ایس کے نمائندے شریک ہیں۔ متنازع ٹرسٹ کی سیاسی اور مذہبی قیادت مالی بے ضابطگیوں کا ماحول بنا کر مذہب اور حکومت کے درمیان فرق ختم کر چکی ہے۔ بھارتی حکومت نے بابری مسجد شہید کر کے مسجد اور اطراف میں 67.7 ایکڑ اراضی پر قبضہ کر کےرام مندر تعمیر کیا تھا۔رام مندر کرپشن کیس کے بعد مودی عوام کی آنکھوں میں مسلسل دھول جھونک کر اقتدار بچانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔