موسم کی تبدیلی کیساتھ ہی لنڈا بازار کی رونقیں بھی دوبالا ہونے لگیں

136

فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):موسم کی تبدیلی کیساتھ ہی لنڈا بازارسروالاراجباہ روڈفیصل آباد کی رونقیں بھی دوبالا ہونے لگی ہیں، جہاں بڑی تعداد میں رضائیوں، کمبلوں، گرم لحافوں، کوٹ، سویٹرز، ونٹر ملبوسات سمیت پرانے شوز کی ورائٹی فروخت کیلئے رکھ دی گئی ہے ۔

غریب، محنت کش،متوسط و سفید پوش طبقہ کے افراد لنڈ ا بازاروں کا رخ کر رہے ہیں جن میں خواتین کی کثیر تعداد بھی شامل ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جہاں دیگر تمام شعبہ جات میں مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں لنڈا بازار بھی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ نہ رہ سکا ہے اور لنڈے کے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں وجوتوں کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کر نے لگی ہیں۔ لنڈا بازار کے دکانداروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ لنڈے کے گرم کپڑوں کی گانٹھوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی زیادہ بڑھ گئے ہیں اسلئے مجبوراً انہیں کپڑوں وجوتوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

اس موقع پر لنڈا بازار میں پرانے کپڑوں کی خریداری کیلئے آنے والی خواتین نے قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اکثر شعبہ جات میں قیمتوں پرمتعلقہ اداروں کا کوئی کنٹرول اور چیک اینڈ بیلنس نہ ہے اسلئے دکاندار غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ اس طرح موجودہ حالات میں غریب افراد کیلئے لنڈے کے کپڑوں وجوتوں کی خریداری بھی ممکن نہ رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی اور قیمتوں پر کنٹرول کیلئے لائحہ عمل کے اعلان کی بھی اپیل کی ہے