مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کو محبت، رواداری، خدمتِ خلق اور باطنی اصلاح کا ایسا پیغام دیتی ہیں، وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا ترک فیسٹیول کے موقع پر مباحثہ سے خطاب
مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کو محبت، رواداری، خدمتِ خلق اور باطنی اصلاح کا ایسا پیغام دیتی ہیں، وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا ترک فیسٹیول کے موقع پر مباحثہ سے خطاب

مزید خبریں
شکاگو۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حضرت مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کو محبت، رواداری، خدمتِ خلق اور باطنی اصلاح کا ایسا پیغام دیتی ہیں جو عصر حاضر کے اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے میں موثر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔وزارت کی ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار شکاگو میں منعقد ہونے والے ترک فیسٹیول کے دوسرے روز منعقدہ پینل مباحثے ’’مولانا رومیؒ: تصوف اور پاکستان کا روحانی ورثہ‘‘ سے بطور کلیدی مقرر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا رومیؒ کی فکر اور مسلم دنیا پر ان کے اثرات کے حوالے سے منعقدہ اس نشست میں ممتاز علماء، دانشوروں، مذہبی رہنمائوں اور پاکستانی و ترک برادری کے افراد نے شرکت کی۔دیگر ممتاز اہل علم کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا رومیؒ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے ماوراء ہے اور انسان کو محبت، عاجزی، برداشت اور خود احتسابی کے ذریعے ایک پرامن اور باوقار معاشرے کی تشکیل کی دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روحانی تشخص بھی اسی صوفی روایت سے جڑا ہوا ہے جسے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ، حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ، حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ، حضرت لعل شہباز قلندرؒ، حضرت سلطان باہوؒ اور دیگر اولیائے کرام نے فروغ دیا۔ ان بزرگوں کی تعلیمات بھی مولانا رومیؒ کی طرح محبت، خدمت انسانیت، رواداری اور اللہ تعالیٰ کی یاد پر مبنی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ مولانا رومیؒ کو اپنا روحانی مرشد مانتے تھے جبکہ مولانا رومیؒ کی تعلیمات آج بھی پاکستان اور ترکیہ کے درمیان روحانی، فکری اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی حقیقی روحانیت کا عملی اظہار ہے۔ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کی مدد، خواتین کو بااختیار بنانا، بچوں کی تعلیم، معذور افراد کی معاونت اور ضرورت مندوں کی دستگیری اسلامی تعلیمات کا بنیادی تقاضا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار، انسانی ہمدردی اور سماجی انصاف کو بھی یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مولانا رومیؒ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے علم کے ساتھ عاجزی، کامیابی کے ساتھ کردار اور ذاتی ترقی کے ساتھ خدمت خلق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ترک فیسٹیول کے موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے مختلف علماء، دانشوروں، کمیونٹی رہنمائوں اور پاکستانی و ترک برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان اور ترکیہ کے مشترکہ روحانی و ثقافتی ورثے، بین الثقافتی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔








