نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 5 اگست کو اردن میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 5 اگست کو اردن میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ آج رات اردن کا دورہ کریں گے ۔اس دورہ کی دعوت اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ و وزیر برائے امور تارکین وطن ایمن الصفدی کی جانب سے دی گئی ہے۔

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 5 اگست کو اردن میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ آج رات اردن کا دورہ کریں گے ۔اس دورہ کی دعوت اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ و وزیر برائے امور تارکین وطن ایمن الصفدی کی جانب سے دی گئی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس کا مقصد مقبوضہ یروشلم کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ اور متفقہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔

دورے کے دوران شریک وزرائے خارجہ، اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اس موقع پر شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں فلسطین سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت، فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی اصولی حمایت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اظہار ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزید خبریں