سیالکوٹ۔ 10 نومبر (اے پی پی):ایگری کلچر آفیسر (ٹیکنیکل )محکمہ زراعت سیالکوٹ ذیشان گورائیہ نے کہا ہےکہ مونگ پھلی کی برداشت کے لئے موزوں وقت کا انتخاب بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اگیتی برداشت کی صورت میں کچی پھلیوں کی زیادہ تعدادپیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مونگ پھلی کی کم پیداوارکی اہم وجہ برداشت کے سلسلہ میں زرعی ماہرین کی سفارشات پرپوری طرح عملدرآمدنہ کرناہے۔ انہوں نے بتایا کہ مونگ پھلی کی فصل کی بھرپور پیداوارحاصل کرنے کے لئے برداشت ایک ایسا عمل ہے جو معیارپربھی اثر اندازہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تاخیر سے مونگ پھلی کی برداشت کی جائے توپھلیوں کا رنگ سیاہ ہوجاتاہے جو پیداوارکے ضائع ہونے کا باعث بنتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ مونگ پھلی کی جدیداقسام 6ماہ میں پک کرتیارہوجاتی ہیں اور اس کی برداشت کا مناسب وقت نومبر ہوتاہے۔