اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور موسم کی سرکاری اپ ڈیٹس کے ذریعے باخبر رہیں کیونکہ مون سون کا چوتھا سپیل 20 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ کو اپنےانٹرویو …
مون سون کے چوتھے سپیل میں شدید بارش متوقع،پی ڈی ایم اے پنجاب کی سیفٹی ایڈوائزری جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور موسم کی سرکاری اپ ڈیٹس کے ذریعے باخبر رہیں کیونکہ مون سون کا چوتھا سپیل 20 جولائی سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔
ہفتہ کو اپنےانٹرویو میں عرفان علی کا ٹھیہ نے کہا کہ پنجاب، خبر پختونخواسمیت کئی علاقوں میں شدید موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے روزمرہ کی زندگی درہم برہم ہو سکتی ہے ، سیلاب اور سڑکیں بند ہونے کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے خاص طور پر نشیبی اور کمزور انفرا سٹرکچر کے علاقوں کے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کے دوران مقامی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کسی بھی صورتحال کے لیے پوری طرح تیار ہے اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ کا م کر رہی ہے۔
انہوں نے عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دینے اور تصدیق شدہ سرکاری چینلز کے ذریعے جاری کردہ حفاظتی مشوروں پر عمل کرنے کی بھی ترغیب دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری اور آنے والی مون سون بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دیگر ممکنہ طور پر خطرناک علاقوں سے دور رہیں۔
انہوں نے سیلاب اور پانی کے اچانک اضافے کے خطرے کے حوالہ سے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں اور ایسے علاقوں میں جانے سے گریز کریں جو جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کریں اور فوری مدد کے لیے ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور 24 گھنٹے کالز کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے عوام کو سرکاری چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہنے اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور، خانیوال، فیصل آباد، سیالکوٹ، شکر گڑھ، نارووال اور صوبے کے کئی دیگر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پوٹھوہار ریجن میں چکوال، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش متوقع ہے۔








