ڈینگی کے خلاف موثر اقدامات، راولپنڈی میں صورتحال گزشتہ سال کی نسبت بہتر

ڈینگی کے خلاف موثر اقدامات، راولپنڈی میں صورتحال گزشتہ سال کی نسبت بہتر

راولپنڈی۔8اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال گزشتہ سال کی نسبت بہتر رہی ہے۔ ستمبر 2026 تک رواں سال صرف 9 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 352 تھی۔اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات دانیال چوہدری، سینیٹر ناصر بٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، اراکین صوبائی اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں انسداد ڈینگی اقدامات، ویکٹر سرویلنس، لاروا کیسز، فیلڈ رسپانس، فوگنگ، صفائی ستھرائی اور عوامی آگاہی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ان ڈور اور آئوٹ ڈور ویکٹر سرویلنس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں گھروں اور ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ، لاروا کی نشاندہی اور فوری رسپانس جاری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ستمبر 2026ء تک ضلع راولپنڈی میں 53,755 لاروا رپورٹ ہوئے جبکہ ڈینگی کے 9 مریض سامنے آئے۔

گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 48,045 لاروا کے مقابلے میں 352 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے تھے۔ ہائی رسک علاقوں میں ٹارگٹڈ فوگنگ بھی جاری ہے۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ حساس یونین کونسلز میں ڈینگی سرویلنس، لاروا رسپانس اور صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جائے اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام جاری رکھیں اور ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں اور اردگرد کے ماحول میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی فوری نشاندہی کریں۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے اور عوامی آگاہی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔