عالم اسلام کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف کو غُسل دینے کی تقریب تین بڑے مرحلوں میں مکمل ہوئی جن میں حد درجے کی احتیاط اور باریک بینی سے کام لیا گیا جو اِس عظیم المرتبت مقام اور اُس کے احترام کا اظہار ہے جو اللہ کے گھر سے وابستہ ہے
مکہ مکرمہ ، بیت اللہ شریف کو غُسل دینے کی تقریب تین بڑے مرحلوں میں مکمل

مزید خبریں
مکہ مکرمہ ۔1جولائی (اے پی پی):عالم اسلام کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف کو غُسل دینے کی تقریب تین بڑے مرحلوں میں مکمل ہوئی جن میں حد درجے کی احتیاط اور باریک بینی سے کام لیا گیا جو اِس عظیم المرتبت مقام اور اُس کے احترام کا اظہار ہے جو اللہ کے گھر سے وابستہ ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کعبۃ اللہ کے غُسل میں 15 لیٹر آبِ زمزم، 15 لیٹر عرقِ گلاب، 15 لیٹر روغنِ گلاب اور 100 مِلی لیٹر عود کا تیل استعمال ہوتا ہے۔غُسلِ کعبہ کی تیاری کے اِن تین بڑے مراحل میں پہلے بیت اللہ کو غُسل دیا جاتا ہے پھر اُسے خوشبویات سے معطر کیا جاتا ہے اور تیسرے مرحلے میں بخُور جلائے جاتے ہیں۔حرمینِ شریفین کی دیکھ بھال اور نگہداشت کی جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ غُسلِ کعبہ کے ہر مرحلے پر پہلے سے طے شدہ طریقِ عمل کے عین مطابق کام کیا جاتا ہے جو اللہ کے گھر کے شایانِ شان اور مسلمانوں کے دلوں میں اِس جلیل القدر مقام کی انتہائی گہری عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتا ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غسلِ کعبہ کے لیے جو اشیا درکار ہوتی ہیں اُن کا انتخاب بھی بہت دیکھ بھال سے اور جدید اور اعلٰی ترین معیار کے مطابق پہلے ہی سے کر لیا جاتا ہے۔








