مکہ میوزیم میں 13ویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کی نمائش

مکہ میوزیم میں 13ویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے ۔

ریاض ۔8اپریل (اے پی پی):مکہ میوزیم میں 13ویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نایاب نسخے کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق یہ قدیم نسخہ مسلمانوں کے دلوں میں قرآن پاک کے لئے تعظیم کو ظاہر کرتا ہے اور اسی لئے اس کی خطاطی اور آرائش پر خاص توجہ دی گئی ہے۔میوزیم کی رونق بننے والا یہ قدیم مصحف اپنی خطاطی اور آرائشی طرز کے لحاظ سے بے مثال ہے۔اس میں متن کو سیاہ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے جبکہ مختلف رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اعراب لگائے گئے ہیں جو تحریر کے حسن کو مزید نکھارتے ہیں۔آیات کے درمیان وقفوں (فواصل) کو سنہری دائروں کی صورت میں مزین کیا گیا ہے جبکہ صفحات کے اندر متن کو رنگین فریم دئیے گئے ہیں۔تلاوت میں آسانی کے لئے مختلف مقامات کے درمیان علامات بھی رنگوں سے ظاہر کی گئی ہیں۔قدیم قرآنی نسخے کے آغاز، وسط اور اختتام پر نہایت نفیس نقوش، سنہری آرائش اور باریک نقش و نگار موجود ہیں جو اسلامی فنِ خطاطی کے اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتے ہیں۔ابتدائی صفحات میں، سطور سنہری بادلوں کے پس منظر میں جلوہ گر ہوتی ہیں جو اس دور کی اسلامی خطاطی کے جمالیاتی اور تہذیبی پہلو کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔