مکہ مکرمہ کے نائب امیر اور حج و عمرہ کی مستقل کمیٹی کے نائب صدر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے بیت اللہ شریف کا نیا غلاف (کسوہ) باضابطہ طور پر کعبہ کے چیف کلید بردار عبدالمالک الشیبی کے سپرد کر دیا ہے۔
مکہ کے نائب امیر نے نیا غلافِ کعبہ کلید برداروں کے حوالے کردیا، یکم محرم کو کسوہ کی تبدیلی ہوگی

مزید خبریں
خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔30مئی (اے پی پی):مکہ مکرمہ کے نائب امیر اور حج و عمرہ کی مستقل کمیٹی کے نائب صدر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے بیت اللہ شریف کا نیا غلاف (کسوہ) باضابطہ طور پر کعبہ کے چیف کلید بردار عبدالمالک الشیبی کے سپرد کر دیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق غلافِ کعبہ کی منتقلی اور حوالگی کی یہ باوقار تقریب مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی، جہاں وزیرِ حج و عمرہ اور مسجد حرام و مسجد نبوی امور کی جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور بیت اللہ کے چیف کلید بردار عبدالمالک الشیبی نے حوالگی کی سرکاری دستاویزات پر دستخط کیے۔
یہ تقریب ہر سال یکم محرم الحرام (نئے اسلامی سال) کو غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی سالانہ روایت کی شروعات کا باضابطہ اعلان ہے۔کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلافِ کعبہ میں تیار کیا جانے والا یہ نیا غلاف خالص قدرتی ریشم اور سیاہ رنگ کے اعلیٰ ترین دھاگوں سے تیار کیا گیا ہے۔ غلافِ کعبہ کی کل اونچائی 14 میٹر ہے، جبکہ اس کے اوپری ایک تہائی حصے پر 95 سینٹی میٹر چوڑا اور 47 میٹر لمبا ایک خوبصورت بیلٹ (پٹی) موجود ہے۔ یہ پٹی اسلامی و قرآنی نقوش اور خطاطی سے آراستہ 16 مختلف ٹکڑوں کو جوڑ کر انتہائی مہارت سے تیار کی گئی ہے۔








