میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع ملیر کے علاقے گڈاپ ٹائون میں صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔ حکام نے میئر کو پمپنگ اسٹیشن کی صلاحیت اور ارد گرد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح

مزید خبریں
کراچی ۔27اکتوبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع ملیر کے علاقے گڈاپ ٹائون میں صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔ حکام نے میئر کو پمپنگ اسٹیشن کی صلاحیت اور ارد گرد کے علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہیں اور پارٹی اپنے منشور پر عمل درآمد کیلئے عملی اقدامات اٹھاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن پر کئی دہائیوں بعد کام کیا گیا ہے اور یہاں کلورینیشن سینٹر (پانی میں کلورین ملانے کے مرکز) کو بھی فعال کر دیا گیا ہے، جس سے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔میئر نے بتایا کہ صالح محمد واٹر پمپنگ اسٹیشن سے میمن گوٹھ روڈ کے ساتھ واقع رہائشی علاقوں اور ہائوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچے گا جبکہ جعفر طیار، کھوکھرا پار اور فردوس کالونی کے رہائشی بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے پانی کی فراہمی بند کیے جانے کے بعد گلشنِ حدید کے رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی سہولت کیلئے میمن گوٹھ روڈ کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ لیاری کے عوام کو پانی کی دستیابی بہتر بنانے کیلئے10 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کی صلاحیت رکھنے والی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ پانی چوری کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ ایک نئی پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے اور فی الحال اس کی جانچ کا عمل جاری ہے۔ میئر نے بتایا کہ کے ایم سی کا اسپینسر آئی ہسپتال 1940میں ایک منتخب میئر نے قائم کیا تھا، لیکن بعد ازاں اسے بند کر دیا گیا تھا۔ اب اس ہسپتال کو دوبارہ کھول کر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں روزانہ تقریبا 300 مریض طبی معائنے کیلئے آتے ہیں جبکہ ہر ہفتے موتیے کے 60 سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔یونیورسٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک بڑا چیلنج تھا لیکن اس سے کئی اہم اسباق بھی سیکھنے کو ملے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ استعمال کرنے والے مسافروں کو درپیش مشکلات میں تقریبا 80 فیصد کمی آئی ہے۔ نیپا سے حسن اسکوائر تک کام جاری ہے جو نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کئی برسوں سے غیر فعال رہی ہے، جس کے باعث مسافروں کی سہولت کے لیے سڑکوں کو بہتر بنانا اور متبادل راستے تیار کرنا ضروری ہو گیا تھا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے تمام 7 اضلاع اور ٹائونز میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے اس بات کا خیرمقدم کیا کہ اب ان ٹائونز میں بھی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جنہوں نے ماضی میں وسائل کی کمی کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی شہر میں ترقیاتی کام ہوتا ہے تو انہیں خوشی ہوتی ہے، کیونکہ کراچی کی ترقی اس کے تمام رہائشیوں کے مفاد میں ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی منشور میں پانی سے متعلق مسائل کے حل پر خصوصی زور دیا ہے۔ اسی وژن کے تحت، کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







