میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا خراجِ عقیدت

میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے 1965ء کی جنگ کے عظیم قومی ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے دفاعِ وطن کے دوران غیر معمولی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ برکی سیکٹر میں ان کی بے مثال مزاحمت اور ثابت قدمی ہماری عسکری تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے 12 ستمبر 1965ء کو وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی صرف ایک فوجی افسر کی شہادت نہیں بلکہ وطن سے وفاداری، فرض شناسی، عزم اور حب الوطنی کی عظیم مثال ہے۔

ان کی بے مثال شجاعت نے ثابت کیا کہ وطن کی سلامتی کے لیے عزمِ صمیم رکھنے والے سپوت قوم کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے قومی جذبے، حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیں اپنے وطن کے دفاع، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کا درس دیتی ہیں۔

میجر عزیز بھٹی شہید کی زندگی اور قربانی نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ وطن سے محبت اور فرض سے وفاداری ہر چیز پر مقدم ہے۔سیدال خان ناصر نے میجر عزیز بھٹی شہید سمیت تمام شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میجر عزیز بھٹی شہید اور تمام شہدائے وطن کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔