اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے یوم پاکستان 23 مارچ کے سلسلہ میں تیاریوں کے حوالے سے حتمی شکل دے دی ہے، 23 مارچ تک تقریباً 200 سینٹری ورکرز ایکسپریس وے اور پریڈ گراﺅنڈ میں خصوصی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے شعبہ سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر سردار خان زمری نے ” اے پی پی“ کو بتایاکہ ایم سی آئی نے یوم پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان کے حوالے سے 200 سینیٹری ورکرز نے منگل سے ہی صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ سینٹری ورکرز 23 مارچ تک صفائی کی خصوصی ذمہ داریاں نبھائیں گے، ایم سی آئی پریڈ گراﺅنڈ اور ایکسپریس وے پر یوم پاکستان تک صفائی کا عملہ صفائی ستھرائی کا عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر اسلام آباد کو کلین اینڈ گرین رکھنے کے لئے بھی مہم شروع کررکھی ہے، پہلے مرحلے میں جی ٹین اور جی الیون میں کلین اینڈ گرین مہم مکمل کر لی گئی ہے تاہم آئندہ آئی ٹین سیکٹر سے کلین گرین مہم کا آغاز کیا جائے گی۔