اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ جمہوری دور میں میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے توازن اختیار کرنے کی ضرورت ہے، سب کو فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے، اسی کی لابنگ فرم سے معاہدہ کیا، پنجاب حکومت پولیس افسران کے تبادلے کر کے اپنی سیاست کر رہی ہے۔
جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ جمہوری دور میں میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے توازن اختیار کرنے کی ضرورت ہے، سب کو فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے، آصف علی زرداری نے لمبا عرصہ جیل میں گزارا، فریال تالپور کو چاند رات کو بکتر بند گاڑی میں اٹھا کر لے گئے، مریم نواز کو اٹھایا گیا، خواتین کو خصوصی رعایت نہیں دی گئی، انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، کیا یہ قانون سے بالاتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجن پور، ڈی جی خان اور بلوچستان میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے، پاک فوج جس کے خلاف یہ ٹرینڈ چلاتے ہیں وہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، پنجاب حکومت پولیس افسران کے تبادلے کر کے اپنی سیاست کر رہی ہے، فیصل آباد میں شادی سے انکار پر بچی پر تشدد کیا گیا، اس معاملے پر تو کوئی پولیس افسر تبدیل نہیں ہوا، سیاسی مقصد کے لئے اڈیالہ جیل کے افسران تبدیل ہوئے، پر امن احتجاج سب کا حق ہے، یہ لانگ مارچ نہیں کر سکتے، چیئرمین بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کیا، ایک پتہ تک نہیں ٹوٹا، یہ بغیر بیساکھی کے سیاست کر کے دیکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے، اسی کی لابنگ فرم سے معاہدہ کیا، یہ فرم سابق سی آئی اے سٹیشن چیف کی ہے انہیں سچ کا سامنا کرنا چاہیے، اگر یہ جھوٹ ہے تو عوام کو بتا دیں، پی ٹی آئی نے قرضے لئے جس کے باعث ملک میں مہنگائی ہے، یہ جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگیں، ان کے جھوٹ کی وجہ سے معیشت اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچا، دوست ممالک ناراض ہوئے، ان کو جواب دینا ہو گا، اگر امریکہ کے خلاف غم و غصہ تھا تو پھر لابنگ فرم سے معاہدہ کیوں؟ یہ چور اور ڈاکو نکلے ہیں، یہ چوری اور سینہ زوری کر رہے ہیں، ہم نے عدالتوں کا سامنا کیا ہے، قانون کو بھگتنے کی سکت رکھیں۔