نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی آسیان ریجنل فورم کے 33 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت، آسیان اور اے آر ایف کی کامیاب صدارت پر فلپائن کو مبارکباد دی

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو منیلا میں آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے 33 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے آسیان اور اے آر ایف کی کامیاب صدارت پر فلپائن کو مبارکباد دیتے ہوئے امن، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

منیلا۔23جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو منیلا میں آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے 33 ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے آسیان اور اے آر ایف کی کامیاب صدارت پر فلپائن کو مبارکباد دیتے ہوئے امن، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارت کاری ہی واحد پائیدار راستہ ہے۔

وزارتی اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے اہم علاقائی اور عالمی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے دوران مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے کو علاقائی امن اور استحکام کے بنیادی ستون کے طور پر برقرار رکھنا نہایت اہم ہے۔