نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی استنبول میں ترک وزیر خارجہ سے ملاقات،علاقائی امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی استنبول میں ترک وزیر خارجہ سے ملاقات،علاقائی امن و استحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کے روز استنبول میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مسلسل استحکام اور وسعت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا۔
دونوں جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔خصوصی سیکرٹری (اقوام متحدہ) نبیل منیر، ڈائریکٹر جنرل (اقوام متحدہ) عمر صدیق، فرسٹ سیکرٹری قاضی سلیم اور وزیر خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا حنین بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے۔








