نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو، علاقائی صورتحال و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو، علاقائی صورتحال و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔منگل کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان روابط و بات چیت میں سہولت کاری کی جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جن کا مقصد خطے اور اس سے باہر پائیدار امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے دیرپا جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے معمول کے مطابق تسلسل کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں مجوزہ اعلیٰ سطحی تبادلوں، تقریبات، نیز دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر بھی گفتگو کی۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔