نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کا براڈ پیک کے المناک حادثے میں دس کوہ پیمائوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

"نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک سر کرنے کی مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے کے المناک حادثے میں معروف کوہ پیما نرمل پورجا سمیت دس کوہ پیماؤں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔”

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک سر کرنے کی مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے کے المناک حادثے میں معروف کوہ پیما نرمل پورجا سمیت دس کوہ پیمائوں کے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سوگوار خاندانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ چین، نیپال، اومان، برطانیہ اور امریکا کی حکومتوں اور عوام سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے بہادر پاکستانی کوہ پیما ہنزہ کے سہیل ساقی کے انتقال پر بھی سوگوار ہیں جن کی جرات، عزم اور بلند پہاڑوں سے غیرمعمولی محبت کو ہمیشہ فخر کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والے تمام کوہ پیمائوں نے اپنے عزم، ہمت اور اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی لگن سے کوہ پیمائی کے حقیقی جذبے کی عکاسی کی جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعث تحریک رہے گا۔ نائب وزیراعظم سینٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میں اپنے ریسکیو عملے کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں کے کٹھن حالات میں پیشہ ورانہ مہارت اور غیرمعمولی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے جاری تلاش، ریسکیو کارروائیوں کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بننے والوں کے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں