نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت پورٹ کنیکٹیویٹی میں بہتری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بندرگاہوں کے رابطہ نظام کو بہتر بنانے، تجارتی سہولتوں میں اضافے اور علاقائی روابط کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بندرگاہوں کے رابطہ نظام (پورٹ کنیکٹیویٹی) میں بہتری کے حوالے سے ہفتہ کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری میری ٹائم افیئرز نے کمیٹی کو پاکستان کی بندرگاہوں کی موجودہ صورتحال اور ان کی استعمال کی صلاحیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک اہم اثاثہ ہے جس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان وسطی، جنوبی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے، رابطہ کاری کے نظام کو بہتر بنا کر ملک زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ کمیٹی نے ملک کی بندرگاہوں کی ترقی، کارکردگی میں اضافے اور مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں بندرگاہوں کے رابطہ نظام کو بہتر بنانے، آپریشنل امور کو مؤثر بنانے، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط کرنے، تجارت اور لاجسٹکس کو آسان بنانے اور اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے پر بھی غور کیا گیا تاکہ پاکستان کی بندرگاہوں کو مؤثر علاقائی تجارتی مراکز کے طور پر ترقی دی جاسکے۔اجلاس میں وزیر قانون و انصاف، وزیر بحری امور، معاون خصوصی وزیراعظم برائے محصولات طارق باجوہ، سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، ڈائریکٹر جنرل این ایل سی، چیئرمین کراچی پورٹ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔