نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو حکومت کی جانب سے اب تک کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا گیا جو بیرون ملک پاکستانیوں کے ممتاز نمائندوں سے مشاورت کے بعد ان کو …

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کی۔منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو حکومت کی جانب سے اب تک کیے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا گیا جو بیرون ملک پاکستانیوں کے ممتاز نمائندوں سے مشاورت کے بعد ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ انہیں بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے شروع کیے گئے نئے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستانی تارکین وطن ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ انہیں خدمات کے حصول کے لیے ذاتی طور پر دفاتر میں حاضر ہونے کی ضرورت پیش نہ آئے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری آئی پی سی اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

مزید خبریں