نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات، سیاسی، اقتصادی اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
قاہرہ۔21جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آر فورکے وزرائے خارجہ مشاورتی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان مصر تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی، صحت و ادویات (فارماسیوٹیکل) اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے موجودہ باہمی رابطہ کاری کے طریقہ کار کو فعال بنانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حالیہ طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس پر مؤثر عملدرآمد خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا ۔








