نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو ڈسکوز (DISCOs) کی نجکاری کے عمل کی نگرانی کرنے والی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کی نگرانی کرنے والی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو ڈسکوز (DISCOs) کی نجکاری کے عمل کی نگرانی کرنے والی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔جمعہ کو نائب وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نجکاری کے مشیر نے کمیٹی کو بیچ-اوّل کی ڈسکوز (IESCO، FESCO اور GEPCO) کی نجکاری کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم لائنز کے اندر اس عمل کو مکمل کیا جائے۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ نجکاری کا مقصد کارکردگی، خدمات کی فراہمی اور مالیاتی پائیداری کو بہتر بنانا ہے، تاہم صارفین کے مفادات کے تحفظ، شفافیت کو یقینی بنانے اور جوابدہی برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک اور مؤثر نگرانی ناگزیر ہوگی۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ توانائی، مشیر برائے نجکاری، وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پاور ڈویژن اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔









