اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):نادرا نے عوامی سہولت کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای سہولت فرنچائزز پر شناختی خدمات فراہم کرنے کے پائلٹ منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس نئے متبادل سروس چینل کے ذریعے اب شہری اپنے گھروں کے قریب ہی گمشدہ شناختی کارڈ کا ری پرنٹ حاصل کرنے اور کارڈ کی تجدید جیسی اہم سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد …
نادرا نے ’’ای سہولت ‘‘ فرنچائزز پر شناختی خدمات فراہم کرنے کے پائلٹ منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):نادرا نے عوامی سہولت کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای سہولت فرنچائزز پر شناختی خدمات فراہم کرنے کے پائلٹ منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس نئے متبادل سروس چینل کے ذریعے اب شہری اپنے گھروں کے قریب ہی گمشدہ شناختی کارڈ کا ری پرنٹ حاصل کرنے اور کارڈ کی تجدید جیسی اہم سہولیات حاصل کر سکیں گے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد نادرا مراکز پر شہریوں کے رش کو کم کرنا اور ان کے سفری مسائل کو حل کرنا ہے تاکہ شناختی خدمات کی فراہمی کو مزید آسان اور تیز بنایا جا سکے۔ابتدائی طور پر اس پائلٹ منصوبے کا آغاز اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور کراچی سے کیا گیا ہے جہاں 18 منتخب ای سہولت فرنچائزز پر یہ خدمات دستیاب کر دی گئی ہیں۔ ہر فرنچائز پر نادرا کا ایک نامزد افسر بھی موجود ہوگا جو شہریوں کی رہنمائی اور عمل کی شفافیت کو یقینی بنائے گا۔
یہ سہولت خاص طور پر ان ناخواندہ شہریوں اور سمارٹ فون نہ رکھنے والے افراد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جو آن لائن ایپ استعمال کرنے میں دشواری محسوس کرتے تھے۔نادرا کے مطابق یہ خدمات ادارے کی مقررہ فیس پر ہی فراہم کی جائیں گی تاہم ای سہولت کے سروس چارجز کی مد میں صرف 100 روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ای سہولت کی 22 ہزار سے زائد فرنچائزز کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے جن میں سے ساڑھے نو ہزار سے زائد مراکز پر بائیومیٹرک کی سہولت پہلے ہی میسر ہے۔ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس سروس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا جس کی فہرست نادرا کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر بھی فراہم کر دی گئی ہے۔







