گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر ہارون الرشید کی قیادت میں ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر ہارون الرشید کی قیادت میں ملاقات

کراچی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہائوس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر ہارون الرشید کی قیادت میں ملاقات کی اورآئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سند ھ نے کہا کہ انصاف ایسا ہو جو صرف کتابوں اور فیصلوں میں نہیں بلکہ عوام کو عملی طور پر ہوتا ہوا نظر آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو بلاامتیاز اور بروقت انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، قانون کی حکمرانی اور موثر نظامِ انصاف ہی عوام کے ریاستی اداروں پر اعتماد کو مضبوط بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری، شفاف اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی سے معاشرے میں قانون پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری آئین کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے حقوق کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، گورنر سندھ نے کہاکہ مضبوط ریاست کے لیے ضروری ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں ہو اور ہر شہری کو انصاف تک آسان رسائی حاصل ہو، انصاف میں تاخیر عوام کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے، بروقت انصاف ہی حقیقی معنوں میں قانون کی بالادستی کو یقینی بناتا ہے۔

اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ہارون الرشید نے گورنر سندھ کے آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے عزم کو سراہااورکہا کہ عوام کو ایسا نظامِ انصاف درکار ہے جہاں انہیں بروقت انصاف ملے اور انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے۔صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلا برادری کے مسائل کے حل اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے گورنر سندھ کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیااور کہا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد و موثر نظامِ انصاف ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔

 

مزید خبریں