وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت کی پی ٹی ڈی سی اور جی او پی کے زہڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت کی پی ٹی ڈی سی اور جی او پی کے زہڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اور جی او پی کے زیڈ (گو پاکستان زندہ باد) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ترجمان پی ٹی ڈی سی کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد ڈیجیٹل رسائی اور سیاحتی مارکیٹنگ کے ذریعے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ تقریب میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ جی او پی کے زیڈ محمد شہروز حبیب، جبکہ سیاحت، مہمان نوازی اور نجی شعبے سے وابستہ نمائندگان اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے اس شراکت داری کو سراہا اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کو تیز کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کو باہم مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی سیاحتی صلاحیتوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور نجی شعبے کی شمولیت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمٰن رانا نے اس شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے متنوع سیاحتی مقامات، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی ڈی سی کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے ذمہ دارانہ اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ جی او پی کے زیڈ محمد شہروز حبیب نے پی ٹی ڈی سی اور سیاحت سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا تاکہ پاکستان کے سیاحتی مقامات اور سیاحتی تجربات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پی ٹی ڈی سی اور جی او پی کے زیڈ کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ سیاحت کے فروغ، سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان کو ایک متنوع اور پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں۔