اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان کے تمام شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا بیس محفوظ ہے، نادرا نے تمام احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے اپنے پاس محفوظ ڈیٹا کی سکیورٹی اور تحفظ کے لئے کئی تہوں پر مشتمل کثیر سطحی کنٹرول میکانزم اور اچھی طرح سے طے شدہ پالیسیاں اور طریقہ کار نافذ کئے ہیں۔
ترجمان نادرا کی طرف سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) جو کہ قومی ڈیٹا بیس کا نگہبان ہے، اپنے ڈیٹا اور سسٹمز کو منظم کرنے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے تاکہ قومی شناختی دستاویزات جیسے شناختی کارڈ، نائیکوپ، فارم ب، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکٹ وغیرہ کو حکومت اور نجی شعبے کو شناختی دستاویز کی تصدیق میں مدد فراہم کی جا سکے۔
شناختی کارڈ کی تصدیق میں مختلف اداروں جیسے ٹیلکوز اور بینک کو نادرا نے ویریسز سروس فراہم کی ہے تاکہ شہریوں کی کے وائی سی آسانی سے کی جا سکے۔ حال ہی میں یہ بات علم میں آئی ہے کہ مختلف اینڈرائیڈ/ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس نادرا ڈیٹا بیس، شناختی کارڈ کی تصویر، ذاتی معلومات اور فیملی ٹری کی تفصیلات وغیرہ فراہم کرنے کا دعوٰی کر رہی ہیں۔ اس پریس ریلیز کے توسط سے پاکستان کے تمام شہریوں کو یقین دلایا جاتا ہے کہ نادرا کا ڈیٹا بیس محفوظ ہے۔
نادرا نے تمام احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے اپنے پاس محفوظ ڈیٹا کی سکیورٹی اور تحفظ کے لئے کئی تہوں پر مشتمل کثیر سطحی کنٹرول میکانزم اور اچھی طرح سے طے شدہ پالیسیاں اور طریقہ کار نافذ کئے ہیں۔ مزید یہ کہ اسے کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر/لیک نہیں کیا جا سکتا اور شہریوں کے شناختی ڈیٹا تک کسی بھی غیرمجاز افراد کو رسائی حاصل نہیں۔
مذکورہ ڈیٹا کی فراہمی کے متعلق تشہیر دراصل اپنی ویب سائٹس پر زیادہ ٹریفک حاصل کرنے اور اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز کے مزید ڈائون لوڈز حاصل کرنے کے لئے کی جا رہی ہے۔ ایسے اشتہار اور ایپلی کیشنز کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا لکھ دیا گیا ہے، بہت جلد غیرقانونی عناصر قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ ہر عام و خاص سے التماس ہے کہ اس طرح کی ایپلی کیشنز یا اشتہار دھوکہ دہی پر مبنی ہیں اور آپ اپنی شناخت کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں۔