ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت نالہ لئی سے متعلق اہم اجلاس ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا
نالہ لئی میں ڈمپنگ کی روک تھام کے لیے 24 گھنٹے مانیٹرنگ، خلاف ورزی پر مقدمات درج کرنے کا حکم

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت نالہ لئی سے متعلق اہم اجلاس ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز، ایم ڈی واسا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سیف سٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں نالہ لئی میں ڈمپنگ، تجاوزات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ نالہ لئی میں ڈمپنگ کرنے والے عناصر کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ نالہ لئی میں غیر قانونی ڈمپنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈمپنگ میں ملوث ڈمپرز اور دیگر گاڑیوں کو قبضے میں لے کر بند کیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ نالہ لئی کی حدود میں جن افراد نے اراضی کا معاوضہ وصول کر لیا ہے، جن کی زمینوں کے انتقال ہو چکے ہیں یا انتقال کا عمل مکمل ہونا باقی ہے، وہاں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے فوری انخلا یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیف سٹی حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ نالہ لئی کے مختلف مقامات کی 24 گھنٹے مؤثر نگرانی کی جائے اور ڈمپنگ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نالہ لئی کی صفائی، کشادگی اور اس سے متعلق جاری اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔







