نام نہاد جمہوریت کا دعویدار بھارت شرمناک قوانین سے کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے ، سینیٹر شیری رحمٰن

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ کشمیری سات دہائیوں سے یہ سیاہ دن دیکھ رہے ہیں ،کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکاہے،کشمیر میں اس وقت نسل کشی ہورہی ہے ۔کشمیر کے 78 ویں یوم سیاہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ دنیا میں اس وقت نسل کشی پر اسرائیل اور بھارت کو کھلی …

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ کشمیری سات دہائیوں سے یہ سیاہ دن دیکھ رہے ہیں ،کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکاہے،کشمیر میں اس وقت نسل کشی ہورہی ہے ۔کشمیر کے 78 ویں یوم سیاہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ دنیا میں اس وقت نسل کشی پر اسرائیل اور بھارت کو کھلی چھوٹ ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے کردار پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نسل کشی کر رہا ہے اور زمینوں پر قبضے کر رہا ہے۔

بھارت بڑی نام نہاد جمہوریت کا دعویدار ہے مگر شرمناک قوانین سے کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے ، بھارت اب کشمیر پر فائنل قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتنے ظلم اور دہشت کے باوجود کشمیری ڈٹے ہیں ۔ہم آزاد کشمیر میں عالمی میڈیا کو رسائی دیتے ہیں جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ویزا نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بنیادی حق ہے، اسے چھینا جارہا ہے اور اب بھارت نے پانی کو بھی بطور ہتھیار استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک پانچ لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ،1لاکھ دس ہزار سے زائد گھر تباہ ہوچکے ،11ہزار سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی ،12ہزار سے زائد بچوں کی آنکھیں تباہ کیں ،یہ آج کے شائننگ انڈیا کی حقیقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس چہرے کو بے نقاب کرنا ہوگا،اگر آپ سب کھڑے نہ ہوئے تو کشمیر میں دنیا کی بڑی نسل کشی کا خدشہ ہے۔