ندیم افضل چن کا پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر ، اعلی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات

پاکستان ‎پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں اعلی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ زندگی میں کچھ واقعات ایسے بھی ہوتے ہیں جو معجزہ کہلاتے ہیں اور سویٹ ہوم ان …

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان ‎پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں اعلی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ زندگی میں کچھ واقعات ایسے بھی ہوتے ہیں جو معجزہ کہلاتے ہیں اور سویٹ ہوم ان معجزوں میں سے ایک معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم سویٹ ہوم کے ذریعے انسان دوستی کے گہرے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور اس کیلئے اپنی خدمات کو سب سے بڑا اعزازسمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اس ملک میں کئی زمرد خان پیدا ہوں جو بے سہارا بچوں کا ہاتھ تھام کر انہیں روشن مسقبل کی نوید دیں۔

ندیم افضل چن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویٹ ہوم کے بچوں کو ہر میدان میں آگے بڑھتا دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے اور یہ اللہ تعالی کا کرم ہے کہ ہم سب اس ادارے سے وابستہ ہیں جو بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور دیکھ بھال میں اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاشرے کے مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور بے سہارا بچوں اور دکھی انسانیت کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس موقع پر سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ سویٹ ہوم کا وجود اور سویٹ ہوم کے بچوں اور بچیوں کی دیکھ بھال کی ذمہُ داری اللہ تعالی کا احسانِ عظیم ہے اور اسی کے کرم سے ہم اس وقت انسانی خدمت کے دس اداروں کو کامیابی سے چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سویٹ ہوم کی کامیابیوں میں سیاسی، عسکری، سماجی اور کاروباری شخصیات کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے اور میں سویٹ ہوم کی طرف سے اور اپنی طرف سے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تقریب میں گورنر خیبر پختون خواہ فیصل کریم کنڈی، گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ، سابق چیرمین سینٹ سید نیر بخاری، سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ، نور عالم خان، شہلارضا، مصطفے نواز کھوکھر اور چوہدری ریاض نے بھی شرکت کی۔