قومی کھیل ہاکی کے فروغ، سکولوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے تمام ڈویژنز میں مرحلہ وار ہاکی سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو سکول کی سطح پر …
سپورٹس بورڈ پنجاب کا صوبے بھر کے سکولوں میں ہاکی کا سامان و کٹس فراہم کرنے کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔19اگست (اے پی پی):قومی کھیل ہاکی کے فروغ، سکولوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے تمام ڈویژنز میں مرحلہ وار ہاکی سامان اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو سکول کی سطح پر ہاکی کھیلنے کے لیے ضروری سہولیات میسر آسکیں۔
ترجمان سپورٹس بورڈ کے مطابق ہاکی کے سامان کی تقسیم کے حوالے سے اہم اجلاس ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ عابد شوکت کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈی جی مانٹیرنگ عبدالقیوم سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران صوبے کے مختلف ڈویژنوں میں ہاکی سامان کی فراہمی، ترسیل اور تقسیم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنوں میں سکولوں کو ہاکی کا سامان اور کٹس مرحلہ وار فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینا، انہیں کھیلوں کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور سکولوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور تربیت کے عمل کو موثر بنانا ہے۔
ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ عابد شوکت نے اجلاس کو بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں ہاکی کا سامان 21 اگست کو تقسیم کیا جائے گا، جس کے بعد دیگر ڈویژنوں میں بھی مرحلہ وار سامان اور کٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ہاکی سامان کی ترسیل اور تقسیم کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔عابد شوکت نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لیے سکولوں کی سطح پر خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے کی غرض سے طلبہ کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم ہونے سے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اس کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہا ہے اور سامان کی بروقت ترسیل و تقسیم کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں سکول سطح پر ہاکی کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے اور مستقبل میں قومی و بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے بنیاد مضبوط کی جائے گی۔








