نسیم شاہ مشکل صورتحال میں پرفارم کرتا ہے، بابراعظم

Babar Azam
Babar Azam

ہمبنٹوٹا۔24اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نسیم شاہ مشکل صورتحال میں پرفارم کرتا ہے، فتح کا تمام کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

جمعرات کو ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں امام الحق کے ساتھ مل کر پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش کی، ہم لمبا کھیلنا چاہتے تھے اور پھر 40 اوور کے بعد پلان تبدیل کرنا تھا، ہمیں معلوم تھا کہ ہم آخری10 اوورز میں80 یا90 کا تعاقب کر سکتے ہیں۔ نسیم شاہ مشکل حالات میں ابھر کر سامنے آتا ہے۔

سپنرز کے خلاف بیٹنگ کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ میں ہمیشہ بہتری کی کوشش کرتا ہوں، ہم مختلف کوالٹی کے بائولرز کا سامنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی صلاحیتوں سے کبھی فکر مند نہیں ہوا اور ہر وقت اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھتا ہوں ۔ ہماری تمام تر توجہ آخری میچ پر مرکوز ہے۔