فاسٹ بولرز نسیم شاہ، محمد حسنین اور احسان اللہ کی فٹنس بارے اپ ڈیٹ

Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

کراچی۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):احسان اللہ کی کہنی میں ڈالے جانے والے براس کو پانچویں ہفتے میں ہٹادیا جائے گا،محمد حسنین کے ٹخنے کی ری ہبلیٹیشن 13 ستمبر سے انگلینڈ میں جاری ہے،نسیم شاہ کے کندھے کی ہونے والی سرجری کی کنڈیشن کا ڈاکٹرز رواں ماہ معائنہ کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولرز نسیم شاہ، محمد حسنین اور احسان اللہ کی فٹنس کے بارے میں پیر کو اپ ڈیٹ جاری کردی۔احسان اللہ کی کی کہنی میں ڈالے جانے والے براس کو پانچویں ہفتے میں ہٹادیا جائے گا، 20سالہ احسان اللہ جنہوں نے ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد سے کرکٹ سے دور ہیں۔

احسان اللہ کی لاہور کے ایک نجی اسپتال میں سرجری ہوئی تھی ۔ ستمبر کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ سے ایک ڈاکٹر نے یہاں آکر ان کی سرجری کی تھی۔ آپریشن کے بعد احسان اللہ کی کہنی کو چار ہفتے کے لیے براس کے ذریعے محفوظ رکھا گیا تھا اور ڈاکٹر اور فزیو روزانہ انہیں دیکھ رہے ہیں ان کی حالت بہتر ہے اور یہ براس پانچویں ہفتے میں ہٹادیا جائے گا جس کے بعد وہ ری ہبلیٹیشن کے لیے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی آئیں گے۔

محمد حسنین کے ٹخنے کی ری ہبلیٹیشن 13 ستمبر سے انگلینڈ میں جاری ہے،23سالہ محمد حسنین اگست میں سری لنکا پریمیئر لیگ کھیلتے ہوئے ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے بعد وہ سری لنکا سے انگلینڈ چلے گئے تھے ان کا ایم آر آئی ہوا تھا اور اسکین رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں اپنے ٹخنے کی ری ہبلیٹیشن کی ضرورت ہے جو تیرہ ستمبر سے انگلینڈ میں جاری ہے۔نسیم شاہ کے کندھے کی ہونے والی سرجری کی کنڈیشن کا ڈاکٹرز رواں ماہ معائنہ کریں گے،20 سالہ نسیم شاہ ایشیا کپ کے دوران انجرڈ ہوئے اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے۔

نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری ہوئی ہے جس دوران ان کی حالت ٹھیک رہی جس کے اگلے دن انہیں اسپتال سے جانے کی اجازت مل گئی۔نسیم شاہ کے پاس ابتدائی طور پر ری ہبلیٹیشن کے موقع پر دو فزیو تھراپسٹ موجود رہیں گے جو بعد میں جم اور گرائونڈ میں بھی ان کے ساتھ ہونگے۔ان کی کنڈیشن کو مسلسل مانیٹر کیا جاتا رہے گا اور اس ماہ ڈاکٹر جنہوں نے ان کا آپریشن کیا ہے وہ ان کا معائنہ کریں گے۔