پشاور۔ 17 اپریل (اے پی پی):صوبائی حکومت کی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی صوبائی دارالحکومت پشاور کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کرنے کے لیے بچے کچھے نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لینے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ پشاور، محکمہ سماجی بہبود، محکمہ ایکسائز اور پشاور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران شہر کے مختلف علاقوں شعبہ بازار، فردوسِ سبزی منڈی، ہشت نگری،سورے پل، جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، کارخانوں اور حیات آباد سے 98 نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لے لیا۔
نشے سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں تین مرحلوں کے دوران تقریباً 37 سو نشے کے عادی افراد کو جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، کا کامیاب علاج کرکے خاندانوں کے حوالے کیا گیا۔اپنی نوعیت کے دنیا کے سب سے بڑے نشے سے بحالی پروگرام اس پروگرام کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر زبردست پزیرائی حاصل ہوئی تھی اور اس سے شہر میں نشے کے عادی افراد کی تعداد انتہائی کم ہوگئی تھی تاہم مختلف ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیڑھ سو سے دو سو کے قریب نشے کے عادی افراد کی موجودگی پر ان کے خلاف دوبارہ آپریشن شروع کردیا گیا تاکہ شہر کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کیا جاسکے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نشے کے عادی آخری فرد کو تحویل میں لینے تک آپریشن جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583718