نمز نے پاکستان ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا

راولپنڈی۔16اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) نے پاکستان کے 20سے زائد شہروں ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت میڈیکل اور ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا ۔

اتوارکو جاری بیان کے مطابق وائس چانسلر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (نمز) لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیر (ہلال امتیاز ملٹری) نے کہا کہ ہمارے تربیت یافتہ عملے کی طرف سے کئے گئے مربوط اور بہترین انتظامات کی وجہ سے یہ کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے ایم ڈی کیٹ کو ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں نشستوں کو پُر کرنے کےلئے فیڈریشن، صوبوں اور نمزکے لیے ایم ڈی کیٹ میں تقسیم کیا تھا۔

صدر پاکستان میڈیکل کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ نے اتوار کو نمزکا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور سینئر انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے نمزکنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور انہیں کنٹرولر امتحانات بریگیڈیئر (ر) سیف اللہ بٹ نے محفوظ اور شفاف عمل کےلئے کئے گئے وسیع انتظامات کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ نے نمزکے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جن طلبا کے پاس نمز ایم ڈی کیٹ سرٹیفکیٹ ہوگا وہ ملک کے کسی بھی پرائیویٹ کالج میں ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس میں میرٹ پر داخلہ لینے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ طلبا ایم ڈی کیٹ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں جو پی ایم سی کے ذریعے 13 نومبر کو منعقد ہوگا۔

بعد ازاں پی ایم سی کے صدر نے وائس چانسلر نمز لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیر، پرو وی سی اکیڈمکس اور پرو وی سی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ راولپنڈی میں نمزکے امتحانی مرکز کا بھی دورہ کیا اور طلبا کو خوشگوار ماحول میں امتحان دیتے ہوئے دیکھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرو وی سی ایڈمنسٹریشن میجر جنرل (ر) سید عمار رضا ہمدانی نے کہا کہ یونیورسٹی کے دو افسران کو خصوصی طور پر سعودی عرب (ریاض) اور متحدہ عرب امارات (راس الخیمہ) ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا تھا جبکہ دونوںممالک میں پاکستانی سفارت خانوں نے اس ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے سہولت فراہم کی۔نمز کے لیے ایم ڈی کیٹ 13 میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے پی ایم سی کے گزشتہ ماہ کے فیصلے کے مطابق ان کالجوں میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کو اب کسی دوسرے امتحان میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہے۔

نمز انٹری ٹیسٹ (این ای ٹی) کا نام نمز 2022 کے لیے ایم ڈی کیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی شہریت کے حامل تمام ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس امیدواروں کو ٹیسٹ میں کامیاب ہونے کے لیے بالترتیب 55 فیصد اور 45 فیصد نمبر حاصل کرنے ہوں گے اور یہ ٹیسٹ 2075 نشستوں کے لیے ہو رہا ہے۔

امتحان میں شریک تمام امیدواروں میں سے 46,582 لڑکیوں اور 23,641 لڑکوں نے داخلہ کے لیے درخواستیں دی تھیں۔نمز پرو وائس چانسلر اکیڈمکس میجر جنرل(ر) سلیم احمد خان اور پرو وائس چانسلر ایڈمنسٹریشن اور میجر جنرل (ر) سید عمار رضا ہمدانی نے بھی الگ الگ جڑواں شہروں کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات بریگیڈیئر (ر) سیف اللہ بٹ نے کہا کہ ٹیسٹ کی نگرانی کیلئے تربیت یافتہ چوکس عملہ تعینات کیا گیا تھا تاکہ اس عمل کو پرامن اور خوش اسلوبی سےمکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نمز کے ایم ڈی کیٹ کے نتیجہ کا اعلان دو سے تین ہفتوں میں کئے جانے کی توقع ہے۔