اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے شعبہ عربی کے زیراہتمام پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے اشتراک سے "دل اور غیر متعدی امراض سے بچائو" کے عنوان سے ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعودالرحمن مہمان خصوصی اور مرکزی مقرر تھے جبکہ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی جی …
نمل اور پناہ کے زیر اہتمام دل سے جڑی بیماریوں بارے آگاہی سیمینار

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے شعبہ عربی کے زیراہتمام پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے اشتراک سے "دل اور غیر متعدی امراض سے بچائو” کے عنوان سے ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعودالرحمن مہمان خصوصی اور مرکزی مقرر تھے جبکہ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی جی نمل بریگیڈیئر (ر) ندیم اصغر، پرو ریکٹر (ریسرچ اینڈ سٹریٹجک انیشی ایٹوز) ڈاکٹر صفیر اعوان، سیکرٹری جنرل پناہ ثناء اللہ گھمن، ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر جمیل اصغر جامی، سربراہ شعبہ عربی زبان ڈاکٹر ابو بکر بھٹہ، ڈینز، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے سیمینار میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈین فیکلٹی آف لینگویجز ڈاکٹر جمیل اصغر جامی کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا جنہوں نے صحت مند طرز زندگی اپنانے، توازن قائم رکھنے اور دل کے امراض سے بچائو کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اپنے کلیدی خطاب میں صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعودالرحمن نے کہا کہ اپنے دل کا خیال رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے غیر صحت مند عادات اور طرز زندگی سے گریز کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ باقاعدہ ورزش، متوازن غذا، صفائی اور تمباکو نوشی سے اجتناب زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔ انہوں نے ذہنی سکون، روحانیت اور بلاوجہ کے دبائو سے بچنے کو بھی دل کی صحت کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فاسٹ فوڈ اور مضر صحت خوراک کے بڑھتے ہوئے استعمال سے موٹاپا، ذیابیطس اور دل کی بیماریاں خطرناک حد تک بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے "سکول فوڈ پالیسی” کے بارے میں بتایا جس کے تحت تعلیمی اداروں، خصوصاً سکولوں کے ایک کلومیٹر کے اندر شکر والے مشروبات کی فروخت پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سگریٹ کی طرح ،غیر صحت مند مشروبات کی تشہیر پر بھی پابندی لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پناہ کے ساتھ اس نیک مقصد میں شریک ہوں تاکہ آئندہ نسلوں کو مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل شاہد محمود کیانی نے کہا کہ بہتر زندگی کے لیے اچھی صحت بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور جسمانی فٹنس پر بھی توجہ دینے کی تلقین کی۔ قرآن مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام زندگی کے ہر پہلو میں اعتدال کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند جسم میں ہی مضبوط ذہن پروان چڑھتا ہے، اس لیے اپنی روزمرہ زندگی میں توازن اور فٹنس کو شعار بنائیں۔ سیکرٹری جنرل پناہ ثناء اللہ گھمن نے پناہ کی سرگرمیوں، مقاصد اور عوام میں دل کے امراض سے بچائو کے حوالے سے جاری اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔








