نمل کا استعداد کار میں اضافہ اور نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جن کا مقصد طلبہ کی صنعت سے متعلقہ مہارتوں کو بہتر بنانا اور میڈیا کے شعبہ میں عملی تربیت کو فروغ دینا ہے۔ جمعہ کو پہلی مفاہمتی یادداشت نمل اور ٹی ای یو پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر (ٹی ای یو پی ڈی سی) کے درمیان طے پائی۔ اس معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل نمل …

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جن کا مقصد طلبہ کی صنعت سے متعلقہ مہارتوں کو بہتر بنانا اور میڈیا کے شعبہ میں عملی تربیت کو فروغ دینا ہے۔ جمعہ کو پہلی مفاہمتی یادداشت نمل اور ٹی ای یو پروفیشنل ڈویلپمنٹ سینٹر (ٹی ای یو پی ڈی سی) کے درمیان طے پائی۔ اس معاہدے پر ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹی ای یو پی ڈی سی بریگیڈیئر (ر) مظفر الحسن نے دستخط کئے ۔

یہ شراکت داری ایک ماڈل پبلک پرائیویٹ اقدام کے طور پر کام کرے گی جس کا مقصد مختصر مدت کے کورسز اور پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کے ذریعہ روزگار کے مواقع کو بڑھانا ہے۔ دونوں ادارے صنعت سے ہم آہنگ کورسز کی فراہمی، ہائی ڈیمانڈ شعبوں میں استعداد کار میں اضافہ اور نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔دوسری اہم پیش رفت میں نمل اور آزاد میڈیا اکیڈمی کے درمیان بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

اس موقع پر نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر شہزاد منیر اور آزاد میڈیا اکیڈمی کے پیٹرن ان چیف مرتضیٰ سولنگی نے معاہدے کو حتمی شکل دی۔ اس شراکت داری کے تحت میڈیا اور کمیونیکیشن سٹڈیز پروگرام کے طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ صحافت، نشریات، ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت مختلف شعبوں میں عملی تجربہ حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر ڈی جی نمل نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داریاں باہمی مفاد اور مثبت نتائج کا باعث بنیں گی اور نمل کی اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ وہ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان خلا کو پر کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔