ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے گورنمنٹ نجیب میموریل گرلز ہائی سکول کمشنر کالونی کا دورہ کیا

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گورنمنٹ نجیب میموریل گرلز ہائی سکول کمشنر کالونی کا دورہ کیا اور جونیئر سیکشن میں تعلیمی سرگرمیوں، طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

گوجرانوالہ ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے گورنمنٹ نجیب میموریل گرلز ہائی سکول کمشنر کالونی کا دورہ کیا اور جونیئر سیکشن میں تعلیمی سرگرمیوں، طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طالبات سے نصاب، امتحانات اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے طالبات کی تعلیمی استعداد اور تیاری کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے انہیں محنت، نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور باقاعدگی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طالبات کو سازگار اور محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تدریسی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دی جائے، طالبات کو دستیاب سہولیات کی مؤثر دیکھ بھال یقینی بنائی جائے اور سکول میں صفائی ستھرائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کلاس رومز، واش رومز اور سکول کے دیگر حصوں میں صفائی کے انتظامات باقاعدگی سے مانیٹر کیے جائیں اور طالبات کو صاف ستھرا، محفوظ اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔