چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نوجوانوں میں جمہوری، آئینی اور پارلیمانی شعور کو فروغ دینے کے لئے سینیٹ آف پاکستان میں چھ ہفتوں پر مشتمل سمر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، پروگرام کا مقصد ملک کی ممتاز جامعات کے طلبہ کو پارلیمانی نظام، قانون سازی اور پالیسی سازی کے عملی مراحل سے روشناس کرانا ہے۔
نوجوانوں میں جمہوری شعور اجاگر کرنے کے لئے سینیٹ میں سمر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نوجوانوں میں جمہوری، آئینی اور پارلیمانی شعور کو فروغ دینے کے لئے سینیٹ آف پاکستان میں چھ ہفتوں پر مشتمل سمر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، پروگرام کا مقصد ملک کی ممتاز جامعات کے طلبہ کو پارلیمانی نظام، قانون سازی اور پالیسی سازی کے عملی مراحل سے روشناس کرانا ہے۔اس پروگرام میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو)، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، قائداعظم یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے باصلاحیت طلبہ شریک ہیں۔
انٹرن شپ کے دوران طلبہ کو سینیٹ کے اجلاسوں، قانون سازی کے عمل، قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی، پارلیمانی نگرانی، عوامی پالیسی سازی اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے انتظامی امور کا عملی مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا تاکہ وہ پارلیمانی جمہوریت اور ریاستی اداروں کے کردار کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔پروگرام کے آغاز سے قبل 22 سے 29 جون 2026 تک پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمانی سروسز (پی آئی پی ایس) کے زیر اہتمام ایک ہفتے پر مشتمل اورینٹیشن پروگرام بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء کو پارلیمانی نظام اور قانون سازی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔انٹرن شپ کے تحت 62 انٹرنیز نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ سیکرٹری سینیٹ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ انٹرن شپ کے دوران اپنی ذمہ داریاں پوری محنت اور لگن سے انجام دیں، سینیٹ کے طریقۂ کار سے بھرپور استفادہ کریں اور مستقبل میں ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
بعد ازاں سینئر افسران نے انٹرنیز کو سینیٹ آف پاکستان کے انتظامی اور قانون ساز امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کو جمہوری اداروں سے براہِ راست جوڑنا ذمہ دار شہریوں اور مستقبل کی قیادت کی تیاری کے لئے ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں میں آئینی و جمہوری شعور، قانون سازی سے آگاہی اور پارلیمانی نظام میں بامعنی شرکت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو قومی اداروں سے منسلک کرنے اور جمہوری طرزِ حکمرانی پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔انٹرنیز نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انٹرن شپ کی تکمیل کے بعد انہیں پارلیمانی نظام اور قانون سازی کے عمل سے متعلق قیمتی عملی تجربہ حاصل ہوگا۔









