نوجوانوں کو بہتر مواقع ملیں تو وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں، ریاض حسین پیرزادہ

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور بہتر مواقع اور معیاری سہولیات کی فراہمی پر وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور بہتر مواقع اور معیاری سہولیات کی فراہمی پر وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے وفاقی وزیر سے ملاقات کرکے ملک میں فٹ بال کے فروغ اور اس کھیل کی بحالی کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے فٹ بال کی بحالی اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اپنے سکول اور کالج کے زمانے میں مختلف کھیلوں میں سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جسم میں ہی صحت مند ذہن پروان چڑھتا ہے اور کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، خوداعتمادی اور مثبت طرزِ فکر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کھیلوں کے فروغ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فٹ بال اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے دانش سکول حاصل پور، ضلع بہاولپور میں فیفا ایرینا پروگرام کے تحت فیفا ایرینا منی پچ پراجیکٹ کو گراس روٹ سطح پر فٹ بال کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے وفاقی وزیر کا کھیلوں، بالخصوص فٹ بال، کے فروغ کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کی حالیہ مثبت پیش رفت، گراس روٹ سطح پر جاری منصوبوں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لئے مواقع بڑھانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے وفاقی وزیر کو ضلع بہاولپور کے علاقے حاصل پور میں دانش سکول کے لئے فیفا ایرینا منی پچ منصوبے کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور اس منصوبے کی تکمیل میں وزیر کی معاونت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے جنوبی پنجاب میں عالمی معیار کی فٹ بال سہولت میسر آئے گی اور نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ ملے گا۔ملاقات کے اختتام پر سید محسن گیلانی نے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔