اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی نئے پاکستان کا وژن ہے، سٹارٹ اپس پروگرام نوجوانوں کے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کیلئے اہم قدم ہے، جن معاشروں میں نئے تصورات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہی ترقی کرتے ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کو ذہنی آزادی دینا ہے، موجودہ حکومت …
سٹارٹ اپس پروگرام نوجوانوں کے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کیلئے اہم قدم ہے وزیراعظم عمران خان کا نیشنل انکیوبیشن سنٹرز سٹارٹ اپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی نئے پاکستان کا وژن ہے، سٹارٹ اپس پروگرام نوجوانوں کے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کیلئے اہم قدم ہے، جن معاشروں میں نئے تصورات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہی ترقی کرتے ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کو ذہنی آزادی دینا ہے، موجودہ حکومت انہیں مکمل تعاون اور سرپرستی مہیا کرے گی، ہم پاکستان کو وہ ملک بنانا چاہتے ہیں جو 60ء کی دہائی میں بننے جا رہا تھا، انشاء اﷲ پاکستان پورے خطہ کی قیادت کرے گا۔ وہ بدھ کو یہاں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے زیر اہتمام اگنائٹ کے نیشنل انکیوبیشن سنٹرز سٹارٹ اپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپس پروگرام کی کامیابی کو دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ہے خاص طور پر بلوچستان سے خواتین کی شمولیت حوصلہ افزاء ہے، یہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اﷲ نے انسان کو بڑی طاقت دی ہے اور وہ اس کا چار فیصد بھی استعمال نہیں کر پاتا کیونکہ انسان نئے تجربات اور ناکامیوں سے ڈرتا ہے، یہ ناکامی کا خوف ہی ہے جو کسی فرد کو اپنی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کرنے سے روکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، ہر بڑے کام کے آغاز کے پیچھے ایک بہترین آئیڈیا ہوتا ہے، انسان تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے بعد ہی کامیابی آپ کا مقدر بنتی ہے، آسان راستہ اختیار کرنے والوں کی صلاحیتیں ماند پڑ جاتی ہیں، جو ناکام ہونے سے ڈرتا ہے وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا، آزاد ذہن ہی نئی سوچ اور نئے راستوں کا تعین کرتے ہیں، آج کے دور میں سب سے بڑا ظلم ذہنی غلامی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نماز میں ہم جس راستے پر چلنے کی دعا مانگتے ہیں وہ ان لوگوں کا راستہ ہے جن پر اﷲ نے اپنی نعمتیں نازل کی ہیں اور یہ راستہ کامیاب لوگوں کا راستہ ہے، دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب اﷲ کے پیغمبر تھے جنہوں نے زندگی میں بہت مشکلات سے گزرنے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اﷲ پر ایمان انسان کا خوف ختم کر دیتا ہے، عزت و ذلت، موت و زندگی اور رزق اﷲ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور ہمارے پاس سونے، تانبے، کوئلہ اور دیگر معدنیات کے وسیع ذخائر ہیں، ہماری زمین بہت زرخیز ہے، انہیں ملک و قوم کے بہتر مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاہم ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں، ان کو مواقع کی فراہمی ضروری ہے، نوجوانوں کے سٹارٹ اپس پروگرام کی حوصلہ افزائی نئے پاکستان کا وژن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سٹارٹ اپس پروگرام نوجوانوں کے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے کیلئے اہم قدم ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جن معاشروں میں نئے تصورات کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے وہی ترقی کرتے ہیں جبکہ زوال کا شکار معاشرے نئے آئیڈیاز کو قبول نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو ذہنی آزادی دینا ہے کیونکہ ناکامی کا خوف کسی انسان کو آگے بڑھنے نہیں دیتا، نوجوانوں کو جدید دور اور ٹیکنالوجی کے پیش نظر درست سمت فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، موجودہ حکومت اس سلسلہ میں مکمل تعاون اور سرپرستی مہیا کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو وہ ملک بنانا چاہتے ہیں جو 60ء کی دہائی میں بننے جا رہا تھا، انشاء اﷲ پاکستان پورے خطہ کی قیادت کرے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ڈیجیٹل شعبہ میں دلچسپی اور سرپرستی دنیا کیلئے واضح پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب امید اور خوشیوں کی نوید لائی ہے، یہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہے جس سے ان کی صلاحیتوں اور توانائیوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کیلئے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کو آگے بڑھائیں گے جس سے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی برآمدات گذشتہ 6 ماہ میں 23 فیصد بڑھی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے، ترقی کا یہ تسلسل جاری رکھا جائے گا۔








