اٹک۔ 03 نومبر (اے پی پی):گوئی پِیس فاؤنڈیشن جاپان اور منسٹری آف ایجوکیشن جاپان کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کے لیے سالانہ عالمی مضمون نویسی مقابلے میں ضلع اٹک کے نوجوان نے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ مقابلے کا مقصد دنیا میں قیامِ امن کے لیے نوجوانوں کی کوششوں کو سراہنا تھا، مقابلہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے دو علٰیحدہ حصوں میں تقسیم تھا جس میں دنیا کے 168 ممالک سے مجموعی طور پر 20,674 لوگوں نے حصہ لیا۔
پاکستان سے حسیب اقبال نے نوجوانوں کی کیٹیگری میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ وہ اس مقابلے میں واحد پاکستانی پوزیشن ہولڈر ہیں۔ جاپان کی منسٹری آف ایجوکیشن کی طرف سے ان کے لیے 50,000 جاپانی ین کی انعامی رقم کے ساتھ ساتھ سرٹیفیکیٹ، ایوارڈ، اور تحائف کا اعلان کیا گیا ہے۔ حسیب اقبال اٹک کی تحصیل حضرو کے گائوں گڑھی علی زئی سے تعلق رکھتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ایجوکیشن اٹک کیمپس میں بی ایس (آنرز) انگلش کر رہے ہیں جب کہ گریس ٹائم اکیڈمی حضرو میں آئلٹس انسٹرکٹر کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اس شاندار کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے۔