نوجوان ریاست کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ریاست کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں اور اساتذہ ان کے لیے رہنمائی اور روشنی کا مینار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مختلف جامعات کے فیکلٹی ہیڈز اور ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں میڈیا کے کردار، حقائق کی تصدیق، سماجی اقدار اور …

کوئٹہ۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ریاست کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں اور اساتذہ ان کے لیے رہنمائی اور روشنی کا مینار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مختلف جامعات کے فیکلٹی ہیڈز اور ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں میڈیا کے کردار، حقائق کی تصدیق، سماجی اقدار اور باہمی معاشرتی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ماضی میں موثر ایڈیٹوریل چیک کے باعث خبر کی تصدیق اور اجرا کا عمل مضبوط اور معتبر رہا لیکن آج سوشل میڈیا کے دور میں سچ اور جھوٹ کے درمیان محض ایک باریک لکیر باقی رہ گئی ہے جس نے معاشرتی رویوں پر گہرے اثرات ڈالے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق اور وضاحت کے ذریعے طلبہ کو درست سمت دکھائیں اور نئی نسل کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کو کم کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کی بہتری کے لیے اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں صوبے میں 16 ہزار کنٹریکٹ اساتذہ بھرتی کرکے 3200 بند سکول دوبارہ فعال کر دیئے گئے ہیں اسی طرح مند میں پہلی مرتبہ ڈاکٹر تعینات کیا گیا جبکہ بیکٹر کے سرکاری ہسپتال میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی جو حکومت کی صحت عامہ کی کاوشوں کا ثبوت ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورننس کو درست کرکے دستیاب وسائل کا منصفانہ استعمال ناگزیر ہے اس مقصد کےلئے صوبائی حکومت پوری تندہی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کا درست استعمال پائیدار ترقی کا ضامن ہے اور بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

مزید خبریں